ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یکم اگست تک10 لاکھ اموات کا اندازہ! مودی حکومت کی ترجیح کورونا کو نہیں مخالفت کو قابو کرنے کی ہے:لینسیٹ

یکم اگست تک10 لاکھ اموات کا اندازہ! مودی حکومت کی ترجیح کورونا کو نہیں مخالفت کو قابو کرنے کی ہے:لینسیٹ

Sun, 09 May 2021 13:43:57    S.O. News Service

نئی دہلی،9؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) طب کی معروف میگزین ’لینسیٹ ‘ نے وزیر اعظم کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی حکومت کی ترجیح کورونا وباکو قابو میں کرنے کی نہیں ہے بلکہ ٹویٹر پر اپنے مخالفین کو ہٹانے کی ہے ۔ اس اداریہ کو لے کر کانگریس نےحکومت پر حملہ کیا ہے۔

لینسیٹ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بحران کےدوران تنقید اور کھلےمباحثوں کاگلا گھوٹنے کی جو کوشش کی ہے وہ ناقابل معافی ہے۔اداریہ میں دی انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ اویلیوشن کے اندازوں کا ذکر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست تک کورونا سے دس لاکھ لوگوں کی موت ہو سکتی ہے۔

اداریہ میں تحریر ہے کہ اگر ایساہوا تومودی حکومت اس خود کش قومی تباہی کے لئے ذمہ دار ہوگی کیونکہ سپر اسپریڈر ایونٹس کو لے کر انتباہ کرنےکے با وجود مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور اس کے ساتھ سیاسی ریلیاں بھی کی گئیں ۔

اداریہ میں ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم کی بھی تنقید کی گئی ۔ اس میں مشورہ بھی دیا گیا کہ ٹیکہ کاری کو تیزی سےلاگو کیا جانا چاہئے۔اداریہ میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ حکومت کوشفافیت کے ساتھ اعداد و شمار شائع کرنے چاہئے۔

اس اداریہ کولے کر کانگریس نےمودی حکومت پر نشانہ سادھا ہے ۔ پارٹی کےجنرل سیکریٹری اور راجستھان کے انچارج اجے ماکن نے لینسیٹ میں شائع اداریہ کا حوالہ دیتےہوئے کہا ہے کہ یہ قدرتی آفت اب خود یعنی مودی حکومت کی بنائی ہوئی آفت کی جانب بڑھ رہی ہے۔جیسا اس میں تحریر ہے کہ یکم اگست تک دس لاکھ لوگوں کی موت ہو سکتی ہے جس کا مطلب ہےکہ اگلے ۸۰ دنوں میں سات لاکھ اموات ہو سکتی ہیں جو انتہائی تشویش کا پہلو ہے۔


Share: